ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: احمد سعید جمعہ مسجد کے تعمیرنو کا افتتاح

بھٹکل: احمد سعید جمعہ مسجد کے تعمیرنو کا افتتاح

Sat, 18 Mar 2023 20:12:47    S.O. News Service

بھٹکل:18؍ مارچ (ایس اؤ نیوز)ہرلی سال میں واقع احمد سعید جمعہ مسجد کی تعمیرنو اورتوسیع و تزئین کے بعد سنیچر کو مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے عصر نماز کی امامت کے ساتھ افتتاح کیا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے مولانا نے استقبال رمضان کے موضوع پر اللہ کے نبی ﷺ اور صحابہ ؓ کے عمل کی مثالیں پیش کرتےہوئے رمضان سے پہلے ذہنی تیاری اور رمضان میں اللہ کی طرف رجوع ہونے والے عوامل پر روشنی ڈالی۔اور جو کام مقدم اور موخر کرسکتے ہیں انہیں کرتےہوئے رمضان سے بھرپور استفادہ کرنےکی طرف توجہ دلائی ۔

جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے سابق امیر حلقہ اطہراللہ شریف نے جماعت اسلامی ہند کی جدوجہد کے 75سال پر تفصیلی گفتگو کی ۔ انہوں نے تاریخی پس منظر پیش کرتےہوئے جماعت اسلامی ہند کے قیام کے بنیادی مقاصد کو بیان کیا۔ جس وقت انگریزوں کے ظلم و ستم سے مسلمان پژمردگی کا شکار ہوئے تھے کسی حوصلہ کی ہمت نہیں جٹا پارہےتھے اس وقت مولانا مودودی علیہ رحمہ نے 75علماء کے ساتھ جماعت اسلامی کی بنیاد ڈالتےہوئے مسلمانوں اور برادران وطن میں اسلام کے آفاقی پیغام کو پیش کرنے کا عملی نقشہ مسلمانوں کےسامنے پیش کیا۔ آزادی کے بعد جماعت اسلامی ہند نے ان 75سالوں میں کن کن شعبہ جات میں اور کن کن محاذوں پر کام کیا ہے اس کی مختصر روداد بیان کی۔ ساتھ ہی انہوں نے علماء، ماہرین اور دیگر حضرات سے جماعت کو لے کر جو بھی تنقیدی باتیں ہوسکتی ہیں انہیں پیش کرنےکی دعوت دیتے ہوئےکہاکہ اگر وہ اس سلسلےمیں جماعت کا تعاون کریں گے تو مستقبل میں جماعت ان پر غور کرتےہوئےآگے بڑھ سکتی ہے۔

عزیزی  حافظ عبید الرحمن رکن الدین کی تلاوت قرآن سے تقریب کا آغاز ہوا۔ شمس اسکول کے متعلم نے نعت پیش  کی۔ امیر مقامی بھٹکل مولانا سید زبیر نے مسجد احمد سعید کی بنیاد ، توسیع اور جماعت کےکاموں کا تعارف کرایا۔ مسجد کے امام وخطیب مولانا محمد جعفر ندوی نے کلمات تشکر اداکئے ۔ مولوی سید یاسر ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے،مولانا اویس مدنی کی دعاپر تقریب کا اختتام ہوا۔ڈائس پر مسجد کمیٹی کے صدر ایس ایم شکیل ، مولانا محمد اقبال نائطے ندوی وغیرہ موجود تھے۔  آخر میں تواضع کا اہتمام تھا۔

WhatsApp_Image_2023-03-18_at_5_16_08_PM.jpeg


Share: